in

ویسے تو میں ایک شو کے 2 لاکھ روپے لیتا ہوں لیکن اگر یہ شو دلدار پرویز بھٹی کے لیے ہے تو میں صرف 50 ہزار روپے لوں گا ۔۔۔۔

ویسے تو میں ایک شو کے 2 لاکھ روپے لیتا ہوں لیکن اگر یہ شو دلدار پرویز بھٹی کے لیے ہے تو میں صرف 50 ہزار روپے لوں گا ۔۔۔۔

لاہور (ویب ڈیسک) ایک شخص کا انتقال ہوا۔ اس کے جنازے پر ایک شخص نے تقاضا کر دیا ”مرحوم اس کا مقروض تھا سو جب تک اس کے لواحقین اس کا قرض ادا نہیں کریں گے وہ مرحوم کی تدفین نہیں ہونے دے گا“…… مرحوم کے صاحبزادگان اس شخص سے لڑنے جھگڑنے لگے

کہ تمہارے پاس کیا ثبوت ہے ہمارے باپ نے تمہارا قرض دینا ہے؟۔ تنازعہ طویل ہو گیا تو اچانک ایک خاتون وہاں آئی اس نے اس شخص سے کہا ”میرے باپ نے آپ کا جتنا قرض دینا ہے وہ میں ابھی ادا کرنے کے لئے تیار ہوں۔ آپ میرے باپ کی تدفین ہونے دیں“…… اس شخص نے اس عورت سے پوچھا۔آپ کون ہیں؟۔ وہ بولی ”میں مرحوم کی بیٹی ہوں“…… اس پر اس شخص کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس نے کہا بیٹی اصل واقعہ یہ ہے

آپ کا باپ میرا مقروض نہیں تھا۔ میں آپ کے باپ کا مقروض ہوں۔ دو برس قبل میں نے آپ کے باپ سے پانچ لاکھ روپے ادھار لئے تھے۔ میں نے آج یہ رقم واپس کرنی تھی۔ پھر اس نے پانچ لاکھ روپے جیب سے نکال کر اس کے سپرد کر دیئے۔ باپ سے محبت میں بیٹے ہار گئے بیٹی جیت گئی اور اس کا صلہ بھی اسے فوراً مل گیا۔……

عمر شریف کے ذکر میں بیٹی کا ذکر اس لئے ذرا زیادہ ہو گیا کہ کچھ ڈاکٹروں بلکہ لٹیروں کی غفلت سے ان کی بیٹی کا انتقال ہوا اس کے بعد وہ خود بھی بیمار رہنے لگے تھے۔ ان کی وفات کے بعد بیرون ملک سے میرے ایک عزیز نے فون پر مجھ سے پوچھا

”انہیں کیا بیماری تھی؟۔……“ میں نے عرض کیا ”انہیں اپنی بیٹی کی جدائی کی بیماری تھی“۔ اسی بیماری نے انہیں موت کے منہ میں دھکیل دیا۔ اور ہم اپنے ایسے فنکار سے محروم ہو گئے جس کے بعد ہم تصور بھی نہیں کر سکتے ان جیسا اور کوئی اس

دھرتی میں اب پیدا ہو گا۔…… یوں محسوس ہوتا ہے اللہ واقعی ہم سے ناراض ہے۔ اس کی ناراضگی کی ایک نشانی یہ ہے اس دھرتی نے ہر شعبے میں بڑے لوگوں کو جنم دینا بند کر دیا ہے۔ اس حوالے سے دھرتی مکمل طور پر بانجھ ہو گئی ہے۔ اب تو بس مجھ جیسے ”بونے“ ہی پیدا ہو رہے ہیں۔ ”کچرے میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کیا اب ہم یہ تصور کر سکتے ہیں مستقبل اگر سلامت رہا اس میں کوئی نورجہاں، کوئی نصرت فتح علی خان، مہدی حسن پیدا ہوں گے؟ کوئی احمد ندیم قاسمی، فراز، منیر نیازی، پروین شاکر، قدرت اللہ شہاب، مختار مسعود، بانو قدسیہ پیدا ہوں گی؟…… شعریاد آیا ”حادثے سے بڑا سانحہ یہ ہوا…… لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر……

ہمارے ساتھ ”حادثہ“ یہ ہوااپنی ہی بے برکتیوں اور بداعمالیوں کے باعث ہم اس یقین میں مبتلا ہیں ایسے بڑے لوگ اب یہاں پیدا نہیں ہوں گے۔ نورجہاں نے شاید اسی وقت کے لئے گایا تھا ”اب یہاں کوئی نہیں کوئی نہیں آئے گا“…… اور حادثے سے بڑھ کر سانحہ یہ ہو رہا ہے چند بڑے لوگ ہمارے پاس جو رہ گئے تھے موت کی صورت میں وہ بھی بچھڑتے جا رہے ہیں۔…… عمر شریف بہت عرصے تک مجھے اچھے نہیں لگتے رہے۔ واقعہ یہ ہے مرحوم دلدار پرویز بھٹی کی وفات کے بعد ان کے لواحقین کی مالی مدد کے لئے میں نے اپنے ادارے ”ہم سخن ساتھی“ کی جانب سے الحمراء ہال ون میں بہت بڑے دلدار شو کااہتمام کیا۔ موجودہ وزیر اعظم عمران خان بھی اس میں تشریف لائے۔

نصرت فتح علی خان، عابدہ پروین، غلام علی، عطاء اللہ عیٰسی خیلوی سمیت بے شمار بڑے فنکاروں سے ہم نے گزارش کی وہ بغیر کسی معاوضے کے اس میں شریک ہوں ہم چاہتے تھے اس شو کی کمپیئرنگ عمر شریف کریں۔ ہم نے ان کے ایک قریبی دوست کے ذریعے ان سے گزارش کی انہوں نے فرمایا ایک دو دنوں میں عمر شریف سے بات کر کے آپ کو بتاؤں گا۔ دو روز بعد ان کا مجھے فون آیا فرمانے لگے ”میں نے عمر شریف سے بات کی ہے کہتے ہیں میں کسی شو میں جانے کے ایک لاکھ روپے لیتا ہوں (یہ 1994ء کی بات ہے جب ایک لاکھ روپے بڑی رقم ہوتی تھی) مگر یہ شو چونکہ دلدار بھٹی کے لئے ہو رہا ہے

تو میں ایک لاکھ کے بجائے پچاس ہزار لے لوں گا۔ ساتھ ہوائی جہاز فسٹ کلاس کی ٹکٹ کا اہتمام بھی کرنا ہو گا…… مجھے یہ سن کر بڑا دکھ ہوا۔ ہمیں اس وقت ایک ایک پیسے کی اشد ضرورت تھی۔ ہم چاہتے تھے زیادہ سے زیادہ رقم اکٹھی کر کے بیگم دلدار بھٹی کو دیں۔ سو ہم نے عمر شریف کو بلانے کا ارادہ ترک کر دیا۔…… بعد میں ایک تقریب میں وہ مجھ سے ملے میں نے اس بات پر ان سے گلہ کیا انہوں نے فوراً قسم اٹھا لی کہ انہیں اس شو کے لئے کہا ہی نہیں گیا تھا۔ میں نے ان کی قسم پر یقین کر لیا اور اپنے دل میں ان کے لئے جو ناپسندیدگی تھی وہ ختم کر دی…… وہ ساری عمر قہقہے تقسیم کرتے رہے۔ قہقہے بھی جائیداد کی طرح ہوتے ہیں۔ یہ ”جائیداد“ پورے پاکستان پوری دنیا میں بانٹ کر وہ چلے گئے۔…… یہ ہنسانے والے بڑے ظالم ہوتے ہیں رلا کر چلے جاتے ہیں!!(کالم : روزنامہ نئی بات )

Written by admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

پٹرول نے سب کا تیل نکال دیا، مزید کتنا مہنگاہو گیا۔۔ نئی تاریخ رقم ،آج کی سب سے بڑی خبر

سرکاری ملازمین بھنگڑے ڈالیں، آخر کار اللہ نے سن لی، وہ اعلان ہوگیا جس کا برسوں سے انتظار تھا