بین الاقوامی ایجنسیوں نے زمینی راستے سے بھارت سے فوڈ آئٹمز لانے کی اجازے مانگی،اس معاملے
پر حکومت اپنے اتحادیوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا ٹویٹ
اسلام آباد (31 اگست2022ء) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ بھارت سے فوڈ آئٹمز لانے کی اجازت کے لیے
ایک سے زائد عالمی ایجنسیوں نے حکومت سے رابطہ کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بین
الاقوامی ایجنسیوں نے زمینی راستے سے بھارت سے فوڈ آئٹمز لانے کی اجازے مانگی ہے،اس معاملے پر حکومت اپنے اتحادیوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے
مشاورت کرے گی۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت سپلائی کی کمی کی بنیاد پر فوڈ آئٹمز منگوانے کی اجازت دینے یا دینے کا فیصلہ کرے گی۔قبل ازیں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہےکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمسایہ ملک سے سبزیوں کی درآمد کے لیے متعلقہ وزراء سے بات چیت کر رہی ہے، پاکستان تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے، حالیہ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب نے ملک کے بڑے حصے کو بری طرح متاثر کیا ہے، مشکل گھڑی میں سیلاب سے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، حکومت درآمدی بلوں اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے سیلاب سے
متاثرہ لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھارت سے سبزیاں درآمد کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، بین الاقوامی ایجنسیاں تباہ کن سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی سبزیوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ عارضی تجارت کھولنے پر زور دے رہی ہیں۔ عمران خان کی جانب سے ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے فنڈز کے غلط استعمال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان فنڈز اپنی پارٹی مہم کے لئے استعمال کر سکتے ہیں، اس لئے پاکستان تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ایدھی تنظیم یا اس جیسی کسی اور تنظیم کو تمام فنڈز فراہم کرے۔


