اسلام آباد(نیوز ڈیسک) جیسے جیسے لانگ مارچ کا وقت قریب آتا جا رہا ہے سیاسی ماحول بھی خاصا گرم ہوتا جا رہا ہے
حکومت لانگ مارچ کو روکنے اور تحریک انصاف لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش میں ہے ایسے میں تحریک انصاف کو بڑی کامیابی ملی ہے۔
فیصل آباد سے کپتان کو بڑی کامیابی مل گئی۔ فیصل آباد سے وکلاء کے بڑے گروپ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ
اعلان کر دیا ہے۔ شمولیت اختیار کرنے والے وفد کی چیئرمین نے پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وائس چیئرمین شاہ
محمود قریشی اور مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب، حسن نیازی، رکن صوبائی اسمبلی لطیف نذر بھی ملاقات
میں شامل تھے۔ فیصل آباد سے ممبر پنجاب بار کونسل امتیاز لونہ، ڈسٹرکٹ بار کے صدر بلال سعید بسرا اور سابق سیکرٹری فیصل آباد بار اظہر حنیف خان بھی وفد میں شامل تھے۔ سابق صدر فیصل آباد بار شہزاد چیمہ نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ وفد نے حقیقی آزادی و غلامی نامنظور کے ایجنڈے پر چیئرمین تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف میں شرکت کرنے والے وکلاء نمائندوں نے اسلام آباد مارچ میں بھرپور شرکت کا بھی اعلان کیا ہے۔ ملک میں آئینی سکیم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور اختیارات کی تثلیث کی عدم تعظیم پر بھی گہرے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوے کہا منتخب حکومت کو سازش کے ذریعے ختم کرنے کا رجحان جمہوریت کیلئے تباہ کن ہے۔


