آئیے اب تک پی ایس ایل میں متاثر کرنے والے پانچ ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:احسان اللہ
دنیائے کرکٹ پاکستان کو فاسٹ بولر کی فیکٹری کے نام سے جانتی ہے، تقریبا تمام پی ایس ایل ایڈیشنز میں کئی نوجوان بولرز اپنی تیز بولنگ کے جوہر دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ان بولرز میں شاہین شاہ آفریدی، حارث روف، ارشد خان اور حسن علی شامل ہیں۔
رواں پی ایس ایل سیزن میں ملتان سلطانز کے احسان اللہ اپنی تیز ترین 150 کلومیٹر کی رفتار سے بولنگ کراتے ہوئے نظر آئے ہیں۔
فی الحال، دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جاری ایڈیشن کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں، جنہوں نے پانچ میچوں میں 13.70 کی اوسط اور 5.54 کی اکانومی ریٹ سے 12 وکٹیں حاصل کیں ہیں۔عباس آفریدی
سیزن کے آغاز میں ملتان سلطانز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ٹیم کے اہم بولر شاہنواز دھانی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
اس موقع پر سلطانز کی ٹیم انتظامیہ نے نوجوان بولر عباس آفریدی کو موقع دیا جنہوں نے اپنی باؤلنگ کی مہارت سے سب کو اپنا گرویدہ بنا دیا۔
ابھرتا ہوا اسٹار اس وقت سیزن کا دوسرا سب سے زیادہ وکٹ لینے والا بولر ہے، جس نے چار میچوں میں 13.70 کی اوسط اور 9.90 کی اکانومی ریٹ سے 10 وکٹیں حاصل کیں ہیں۔مرزا طاہر بیگ
لاہور قلندرز نے اس مرتبہ عبداللہ شفیق جیسے تجربہ کار اوپنر کی جگہ نوجوان بیٹر طاہر بیگ کو موقع دیا اور انہوں نے اس موقع کا خوب فائدہ اٹھایا۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے فخر زمان کے ساتھ ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بالترتیب 61، 40 اور 49 رنز کی بڑی باری کھیلی ہے۔صائم ایوب
پشاور زلمی کے ٹاپ آرڈر بلے باز صائم ایوب ایک اور اسٹار ہیں جنہوں نے اپنے اسٹائلش اسٹروک پلے کی وجہ سے کرکٹ برادری کی توجہ حاصل کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صائم، محمد حارث کے ساتھ پاکستان کی T20 ٹیم کے مستقبل کے اوپنر ہیں۔عرفان خان نیازی
کراچی کنگز کے آنے والے نوجوان ٹیلنٹ، عرفان خان نیازی نے پی ایس ایل 8 کے پہلے چند میچوں میں اپنی شاندار کارکردگی کی جھلکیاں دکھائی ہیں۔ عرفان بلے سے تو کارآمد ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک بہترین فیلڈر بھی ہیں۔