تجربہ کار ہندوستانی اسپنر، روی چندرن اشون نے پاکستان میں ہونے جارہے آئندہ ایشیا کپ 2023 کی غیر یقینی
صورتحال پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بات کی۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے اشون نے کہا کہ اگر پڑوسی ملک
پاکستان چاہتا ہے کہ بھارت ایشیا کپ 2023 میں شرکت کرےتو اس کو مقام ہر حال میں تبدیل کرنا ہوگا ۔ اسپنر نے کہا کہ انٹرنیشنل
کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کا حق دے دیا ہے لیکن بھارت پاکستان کا دورہ کرنے کو تیار نہیں۔
روی چندرن ایشون نے بھی 2023 میں 50 اوور کے ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حالیہ بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا، “میرے خیال میں یہ ممکن نہیں ہے۔
” آف اسپنر نے مزید کہا کہ پاکستان نے پہلے بھارت کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا لیکن آخر کار وہ میگا ایونٹس میں شرکت کے لیے بھارت گئے تھے۔
غور طلب ہے کہ ایشیا کپ کے معاملے پر حال ہی میں بحرین میں ہونے والی ایک ہنگامی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا تھا جہاں وینیو کے بارے میں حتمی فیصلہ مارچ تک موخر کر دیا گیا تھا۔
بحرین میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس کے بعد، بی سی سی آئی کے حکام نے اعلان کیا کہ بورڈ نے ایونٹ کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔تاہم، پی سی بی کے حکام نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 میں شرکت نہیں کریں گے۔