اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشن گوئی، الرٹ بھی جاری۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب،
اسلام آباد، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں، برفباری کے نئے سلسلے کا آغاز ہونے کو ہے۔
ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 21 سے 24 جنوری کے دوران لاہور، سرگودھا، میانوالی،
خوشاب، بھکر،فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، قصور، سیالکوٹ، نارووال،
شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی
متوقع ہے۔20 /21 جنوری کو ملتان، ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویژن کے تمام اضلاع میں بوندا باندی کا امکان ہے۔اسی دوران مری میں شدید برف باری کا امکان ہے، شدید برف باری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل کا امکان ہے۔ جاری الرٹ کے مطابق سیاح اور مسافر حضرات محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے اور بارش فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر، گلگت بلتستان ، شمالی پنجاب اور شمالی بلو چستان میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم بلوچستان، بالائی سندھ اور جنوبی/وسطی پنجاب میں چند مقا مات پر بارش ریکارڈ ہوئی۔