ہر والد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد اس کے نقشِ قدم پر چلے ، ایک ایسی ہی
خواہش سابق بھارتی کرکٹر اور دنیائے کرکٹ کے مایا ناز بیٹر سچن ٹنڈولکر کی بھی پوری ہوگئی۔
سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجن نے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے تاریخ کو ایک بار پھر دہرایا اور والد کی طرح ہی اپنے پہلے ڈومیسٹک میچ میں سنچری بنا ڈالی۔
23 سالہ نوجوان کرکٹر ارجن ٹنڈولکر نے رانجی ٹرافی میں گووا کی جانب سے ڈیبیو کرتے ہوئے راجستھان کے خلاف 207 گیندوں پر 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ارجن ویسے تو بولر ہیں اس لیے میچ میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے لیکن حیران کن طور پر انہوں نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 8 وکٹوں پر 493 پہنچانے میں مدد فراہم کی۔
واضح رہے کہ 34 سال قبل 1988 میں سچن ٹنڈولکر نے ممبئی کی جانب سے کھیلتے ہوئے گجرات کے خلاف اپنے رانجی ٹرافی کے ڈیبیو میں سنچری بنائی تھی۔