اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے اہم کھلاڑی کی
شرکت مشکوک ہو گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل 10 نومبر
کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 9 نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔
بھارت کے خلاف اہم ترین میچ میں انگلش ٹیم کو ممکنہ طور پر مڈل آرڈر بیٹر ڈیوڈ ملان کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی۔انگلش آل راؤنڈر
معین علی نے تصدیق کی ہے کہ ڈیوڈ ملان بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے کیونکہ وہ پٹھوں کے کھچاؤکی
تکلیف کا شکار ہو گئے ہیں۔ ڈیوڈ ملان سری لنکا کے خلاف سپر 12 مرحلے کے میچ میں پٹھوں کے کھچاؤ کا شکار ہونے کے باعث وکٹ پر ہی لڑکھڑا گئے تھے۔اس حوالے سے معین علی نے برطانوی میڈیا کو بتایا ہے کہ ڈیوڈ ملان کئی برسوں سے ہمارا اہم کھلاڑی ہے اور ہمیں ان کی انجری کا اندازہ نہیں تھا لیکن جب ان کے سکین کی رپورٹ آئی تو کہہ سکتا ہوں وہ اچھی نہیں ہے۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے اکتوبر کے مہینے کی پرفارمنس کا ایوارڈ جیت لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اکتوبر کے مہینے کے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کیا جو بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی کے نام رہا۔زمبابوے کے
سکندر رضا اور جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر کی بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی تھی۔ آئی سی سی ایوارڈ ملنے پر ویرات کوہلی نے کہا کہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے منتخب کیے جانا میرے لیے اعزاز ہے۔