اسلام آباد (نیوز ڈیسک )سپریم کورٹ نے شوگرملز کو 97 روپے ایکس مل ریٹ پر چینی فروخت کرنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے کیس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دیا ہے، عدالت عظمیٰ نے ہائیکورٹ کو درخواستوں پر 15 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چینی کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق حکومتی اپیل پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے کہا کہ حکومت اور ملز کے ریٹ میں فرق پر مبنی رقم ہائیکورٹ میں جمع ہو گی ، شوگر ملز ایکس مل ریٹ میں فرق پر مبنی رقم رضاکارانہ طور پر جمع کرائیں ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ حکومت کا ایکس مل ریٹ 84،شوگر ملز کا 97 روپے ہے، عدالت نے کہا کہ شوگر ملز کی طرف سے صرف مچلکے جمع کرنا کافی نہیں۔عدالت کا کہنا تھا کہ متعلقہ کین کمشنر چینی کے سٹاک اور فروخت کا ریکارڈ مرتب رکھیں، لاہور ہائیکورٹ میں چینی کی قیمت کا کیس زیر التوا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ نے مقررہ قیمت کیخلاف یکطرفہ حکم امتناع جاری کیا،عدالت کی ذمہ داری ہے قانونی نقطے پر فیصلہ کرے، قیمتوں،نفع نقصان کا تعین کرنا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں،قیمتوں کے معاملےمیں مداخلت غیرمتعلقہ حدودمیں داخلے کے مترادف ہے،عدالت عدلیہ کی غیرمتعلقہ حدودمیں مداخلت شرمندگی کا باعث بنتی ہے۔